میرا قلم میری زباں| محمد طاہر خان ندوی

 میرا قلم میری زباں

محمد طاہر خان ندوی 



آج معاشرے میں سب سے زیادہ زہر گھولنے اور نفرتوں کو فروغ دینے میں میڈیا کا سب سے بڑا کردار ہے ۔ گزشتہ آٹھ سالوں سے اگر گودی میڈیا پر نظر ڈالی جائے کہ اسٹوڈیو میں ، کیمرے کے سامنے ، سوٹ بوٹ میں نظر آنے والے یہ اینکرز صحافت کے بجائے نفرت ، عداوت ، دشمنی اور سماج میں بٹوارے کو فروغ دے رہے ہیں ۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت کو بڑھاوا دینا، انہیں ٹارگیٹ کرنا ، ان کے مذہب اور مذہبی وچار دھارا کو کٹر پنتھی اور نظریاتی جہاد قرار دینا ، ان کی آبادی کو آبادی جہاد اور محبت کو لو جہاد بتانا ، اپنی زمین کی حفاظت کے لئے سڑکوں پر نکلنے کو زمینی اور لینڈ جہاد سے تعبیر کرنا ، مسلمانوں کا تعلیمی اداروں میں آگے بڑھنا ، آئی اے ایس اور آئی پی ایس جیسے مشکل امتحانات میں اچھے نمبروں سے کامیابی حاصل کرنا اور سب سے زیادہ تعداد پاس کرنے کو تعلیمی جہاد قرار دینا ، ان کی دینی سرگرمیوں اور سماج اور معاشرے کے اصلاحی کاموں کو تبلیغی جہاد کہنا ، ان کے صدقات و خیرات کو مالی جہاد بتانا اور اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرنے کو تاریخی جہاد بتانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ آج کے میڈیا اور نفرتی اینکرز سماج اور معاشرے کو بلکہ پورے ملک کو تباہی اور بربادی کی طرف لے جا رہے ہیں ۔ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے جسٹس کے ایم جوزف نے ان نفرتی اینکرز کے بارے جو کچھ کہا وہ قابل ذکر ہے انہوں نے کہا کہ نفرتی اینکرز سالوں سے دیش کو نفرت میں ڈبونے کی اور عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اگر اینکر خود ہی پریشانی کی جڑ ہیں تو این بی ایس اے نے اب تک کیا کیا ؟ کتنی بار انہیں آف ائیر کیا اور کتنی بار انہیں سزا ملی ؟ سپریم کورٹ کے جج نے مزید کہا کہ ان نفرتی اینکرز کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہئے کہ وہ جو من میں آئے وہ نہیں بول سکتے ہیں لیکن یہاں سوال یہ ہے کہ سپریم کورٹ کی پھٹکار کے بعد کیا بی جے پی سرکار گودی میڈیا پر پابندی عائد کرے گی اور اپنے نفرتی اینکرز کو آف ائیر کر پائے گی یہ کہنا بہت مشکل ہے ۔ یہ پورا ملک جانتا ہے ان اینکرز کو اسکرپٹ کون بھیج رہا ہے اور کون ان کی تجوریاں بھر رہا ہے اور ان کے پیچھے کون سی طاقت کار فرما ہے ۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے طور پر معاشرے میں سماجی بیداری پیدا کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ ان نیوز چینلوں کے ذریعے ہندو مسلم کے اتحاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ ہماری صدیوں کی آپسی بھائی چارے کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور اس ملک کو تباہی و بربادی کی طرف لے کر جانا چاہتے ہیں یہ عوام کو بتانا اب ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ 


Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی