میرا قلم میری زباں
محمد طاہر خان ندوی
صدیوں سے بچوں کی پیدائش گھروں میں ہوتی چلی آئی ہے لیکن جیسے جیسے میڈیکل سائنس ترقی کر رہا ہے ، بچوں کی پیدائش کے طریقے بھی بدل رہے ہیں ، پہلے فطری طریقے پر پیدائش ہو جاتی تھی لیکن اب 90 فیصد ہمارے ڈاکٹرس آپریشن کی طرف لے جاتے ہیں ، ملک ہندوستان اور پاکستان میں سی سیکشن یعنی آپریشن کے ذریعے بچوں کی پیدائش میں کافی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے مطابق پاکستان میں سی سیکشن کے ذریعے ہونے والی بچوں کی پیدائش 22 فیصدی ہے جبکہ 2013 میں یہ شرح 14 فیصد تھی جو بڑھ کر 22 فیصد ہو گئی ہے ۔ اسی طرح ہندوستان میں سی سیکشن کے ذریعے ہونے والی بچوں کی پیدائش 21.5 فیصدی ہے جبکہ 2016 میں 17.2 فیصد تھی جو بڑھ کر ساڑھے اکیس فیصد ہو گئی ہے اسی طرح پرائیویٹ سیکٹر میں ہونے والی بچوں کی پیدائش پچاس فیصد کے قریب ہے ۔ اگر عالمی سطح پر دیکھا جائے تو نوے کی دہائی میں سی سیکشن کے ذریعے بچوں کی پیدائش 7 فیصد تھی جو بڑھ کر 21 فیصد ہو گئی ہے ۔ اب سوال یہ کہ سی سیکشن کسے کہتے ہیں ؟ اس کا جواب یہ ہے کہ سی سیکشن میں ماں کی پیٹ اور رحم کو کاٹ کر بچے کی پیدائش ہوتی ہے ۔ جس سے عام طور پر صحت یاب ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے اس کے علاوہ زخم کا نشان بھی باقی رہتا ہے جبکہ نارمل ڈیلیوری میں صحت و تندرستی جلدی مل جاتی ہے ۔ اگر سی سیکشن کے نقصانات کے بارے بات کی جائے تو نتائج حیران کن ہوگی ۔ ایک تحقیق کے مطابق سی سیکشن اور نارمل ڈیلیوری میں پیدا ہونے والے بچوں کی آنتوں کے بیکٹیریا میں فرق ہوتا ہے ۔ نارمل ڈیلیوری کی صورت میں آنتوں کے بیکٹیریا دفاعی نظام کے لیے بہتر ہوتے ہیں جبکہ سی سیکشن میں آنتوں کے بیکٹیریا دفاعی نظام کے لیے بہتر نہیں ہوتے ۔ اس کے علاوہ سی سیکشن میں ٹائپ 1 ڈائیبٹیس ، الرجی اور دمہ کا خطرہ ہوتا ہے جبکہ نارمل ڈیلیوری میں یہ امراض نہیں پائے جاتے ۔ سی سیکشن یعنی آپریشن کو بچے اور ماں کی جان بچانے میں ایک کردار حاصل ہے لیکن آج اس کا غیر ضروری استعمال ہو رہا ہے ۔ اس کے پیچھے کیا سوچ اور کیا پلاننگ ہے اگر ہم تھوڑا سا غور و فکر کریں تو یہ بات کھل کر سامنے آ جائے گی ۔ جبکہ ہم جانتے ہیں کہ سی سیکشن کے ذریعے بڑھتی آبادی کو بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے گھر کی عورتوں کو بتائیں کہ نارمل ڈیلیوری کے کتنے فائدے ہیں جبکہ سی سیکشن نقصان سے خالی نہیں ہے اور یہ بھی کہ نارمل ڈیلیوری سی سیکشن سے بہتر آپشن ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں