کتاب: تعلیل القرآن
مصنف: مفتی محمد کلیم الدین کٹکی، استاذ دار العلوم دیوبند
صفحات: 150، قیمت (درج نہیں)
ناشر: مکتبہ الفاروق دیوبند 9548915358
تعارف نگار: اشتیاق احمد قاسمی، استاذ دار العلوم دیوبند
دار العلوم دیوبند میں ترجمۂ قرآن مجید پر کافی محنت کی جاتی ہے، سوم عربی سے پنجم عربی تک تین سال میں ترجمہ پورا ہوتا ہے، پہلے سال میں سورہ ق سے ناس تک، پھر سورہ یوسف سے حجرات تک اور پنجم عربی میں شروع سے سورہ ہود تک کا نصاب متعین ہے، پہلے سال عم پارہ سے ترجمہ شروع کیا جاتا ہے، ترجمہ سے مناسبت پیدا کرنے کے لیے لغوی، صرفی اور نحوی تحقیقات کرائی جاتی ہیں، الفاظ سے معانی، واحد/جمع، مادہ، صیغہ، تعلیل، تخفیف اور ادغام کے گیسوئے برہم کو سلجھایا جاتا ہے، پھر وجہِ اعراب کا خوشبو دار تیل دے کر مشّاطی کے بعد زنجیریِ ترکیب نحوی کی پیچ دار لڑیاں بنائی جاتی ہیں اور یہ سلسلہ عم پارہ تک بڑی باریکی سے چلتا رہتا ہے، پھر جب طلبہ اس روش کے عادی ہو جاتے ہیں تو ان سے پورے سال کام لیا جاتا ہے، اس طرح نو نہالانِ امت میں ترجمۂ قرآن کی بصیرت پیدا ہو جاتی ہے ـــــــــــ جناب مفتی محمد کلیم الدین صاحب نے بھی کئی سال تک سوم عربی کا ترجمہ پڑھایا ہے، ان کو محسوس ہوا کہ چوں کہ اردو زبان میں الفاظ قرآنی کی تعلیل پر کوئی کتاب نہیں ہے، اس لیے انھوں نے سورہ ق سے ناس تک کی تعلیلات لکھ کر اس خلا کو پُر کیا، مکررات سے بچنے کے لیے سب سے پہلے آنے والے ایسے الفاظ کو لیا، جو تعلیل کے لائق اور مشکل ہیں، پھر جب وہ لفظ دوبارہ آیا ہے تو کتاب کا صفحہ نمبر اس کے سامنے لکھ دیا ہے، اور قواعد کے بار بار دہرانے کی طوالت سے بچنے کے لیے کتاب کے شروع میں علم الصیغہ کی ترتیب پر چھیالیس قاعدے لکھ دیے ہیں، اور تعلیل کرتے ہوئے ہر لفظ کے ساتھ قاعدہ نمبر کا حوالہ دیا ہے، اور تعلیل کی تعبیرات میں درسی زبان اختیار کی گئی ہے؛ لیکن زبان و بیان میں کہیں تکلف نظر نہیں آتا، ایسے موضوع کو بالاستیعاب پڑھنا تو بڑا صبر آزما ہے؛ اس لیے پورا نہ پڑھ سکا، تعارف لکھنے کے لیے کتاب کا جتنا حصہ دیکھا اور جہاں جہاں سے پڑھا بڑا اچھا لگا، اور بعض نئی معلومات بھی ہوئیں، مراجع کی فہرست دیکھ کر اندازہ ہوا کہ موصوف نے ام المراجع سے بھی خوب استفادہ کیا ہے مثلاً معجم مفردات الفاظ القرآن، مختار الصحاح اور کلیات ابو البقاء کفوی وغیرہ اگر ہر لفظ کے ساتھ اس کا ترجمہ بھی کر دیتے تو اور بھی مفید ہوتی، بہر کیف!
طلبۂ ترجمہ قرآن کے لیے یہ ایک بہترین معاون کتاب ہے، اہل ذوق آئیں اور اس خوانِ یغما سے سیری حاصل کریں، اور لاک ڈاؤن میں لگائی ہوئی ضربِ کلیمی سے اپنے سوئے ہوئے شعور کو بیدار کریں اور گراں مایہ خزانے کے بند دروازے کھول کر اپنی دامنِ مراد کو بھریں! و باللہ التوفیق!

جزاکم اللّٰہ خیرا
جواب دیںحذف کریںایک تبصرہ شائع کریں