بے محنتِ پیہم کوئی جوہر نہیں کھلتا | محمد طاہر ندوی

 بے محنتِ پیہم کوئی جوہر نہیں کھلتا 

محمد طاہر ندوی

سب ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی 



شکستہ عزم و استقلال ، بکھرتے حوصلے اور پست ہمتی کسی بھی فرد یا جماعت اور ایک قدم آگے بڑھ کر کسی بھی قوم و ملت کے لئے محرومیوں ، ناکامیوں ، اور زوال کا سبب ہوا کرتا ہے ، اور مقدر کا ستارہ قعرِ مذلت کا سامان بن جاتا ہے ۔

جب مقصد عظیم ہو ، منزل پرکشش ہو تو راستے کے نشیب و فراز سے گھبرانا جواں مردوں کو زیبا نہیں دیتا ، جب عزائم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مضبوط و مستحکم ہو تو حالات کے آگے سر نگوں ہو جانا اہل ایماں کا شیوہ نہیں ہو سکتا ۔

حالات کتنا ہی نا گفتہ بہ ہو ، آندھیاں کیوں نہ گھروں اور بستیوں کو اپنے ہمراہ عالمِ نا آشنا کے حوالے کردے اپنے مقصد سے روگردانی اور تساہل پسندی اہل عزیمت کے شایانِ شان نہیں ہو سکتا ۔

جب آپ فنِ صحافت کے میدان میں قدم رکھنے اور فنِ تحریر کے ذریعے عالم اسلام اور اپنے ملک و قوم کی خدمت ، اور اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا عزمِ مصمم کر چکے ہیں تو عذرِ لنگ کو اپنی کمزوری اور تساہل پسندی کا بیساکھی بنانا چھوڑ دیں بلکہ اپنی کوتاہیوں اور کمزوریوں کو شکست دے کر رفتہ رفتہ اور مسلسل راہِ فنِ صحافت میں قدم بڑھاتے چلے جائیں ۔

فرشتے سے بڑھ کر ہے انسان بننا

مگر اس میں لگتی ہے محنت زیادہ

 ( الطاف حسین حالی )

یہ جہدِ مسلسل گرچہ مختصر ہو آپ کو بڑی بڑی کامیابیوں و کامرانیوں سے ہمکنار کرے گی اور رفتہ رفتہ آپ محسوس کریں گے کہ کامیابی آپکی اور اپنی توجہات مبذول کر رہی ہے ، آپ کے راستے اور راستے میں حائل شدہ تمام رکاوٹیں کافور ہو رہی ہیں ۔

پسینہ میری محنت کا میرے ماتھے پہ روشن تھا

چمک لعل و جواہر کی مری ٹھوکر پہ رکھی تھی

 ( ناظر صدیقی )

محنت کریں آگے بڑھیں اور اساتذہ کرام کے بتائے گئے اصول و ضوابط پر عمل پیرا ہو جائیں ان شاءاللہ کامیابی ہم سب کا مقدر ہوگی ۔۔



Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی