میری ڈائری قسط نمبر 8
مؤرخہ 12 مئی 2020
میری آزمائشیں کافور ہو چکی تھیں، درد و الم دور ہو چکا تھا، تکلیفیں، مصیبتیں ، الجھنیں اور پریشانیاں ختم ہو چکی تھیں، چہرے سے افسردگی اور مایوسی محو ہو چکی تھی، زنگ آلود دلِ ناتواں صیقل ہوکر زور آزمائی کے قابل ہو چکا تھا ، آنکھوں کی بینائی واپس آ چکی تھی اور جسم کی تھکن زائل ہو چکی تھی؛
کہ .........
میری ملاقات ایک ایسے عالمِ دین سے ہوئی جو عظیم شخصیت کے حامل، قرآن و سنت کے ماہر، خوفِ خدا اور خشیتِ الٰہی سے معمور، صلاح و تقویٰ کے پیکرِ مجسم، عمدہ اخلاق و کردار سے مزین، عشقِ رسول سے سرشار، چہرے پر عیاں سجدے کے آثار، زباں سے نکلتے اور پھوٹتے عشقِ نبی ( صل اللہ علیہ وسلم ) کے نغمے اور ترانے جیسے عمدہ صفات و کمالات سے متصف تھے۔
مجھے وہ دن، وہ ساعت اور لمحہ خوب یاد ہے ۔
اصلاحِ معاشرہ کی عنوان سے ایک جلسہ کا انعقاد کیا گیا تھا جس کی نظم و نسق کی ذمہ داری میرے سپرد تھی اور میں اپنے دوست و احباب کے ہمراہ انتظامی امور کو انجام دینے میں مصروف تھا ۔
بعد نمازِ مغرب مکتب کے چھوٹے چھوٹے نونہالوں نے اپنی منکسر الالفاظ اور معصومانہ انداز میں حمدو ثنا اور مکالمے پیش کر رہے تھے، ہر طرف چہل پہل، شورو غوغا، آمد و رفت، معصومانہ حمد و ثناء کے ذریعے پُر رونق ہوتی فضائیں، تلاوتِ قرآن کے ذریعے مسحور ہوتی ہوائیں، اور مکالمات کے ذریعہ مسخر ہوتی زمینیں، ترانوں اور نغموں کی گونجتی آوازیں ، جھومتے اور رقص کرتے پرندے، اور آمد و رفت کرتے ملائکہ ۔
الغرض
چار دانگِ عالم رقص و سرور میں مست ہو کر جھوم رہا تھا ، فضائیں معطر ہو رہی تھیں، اور سماں خوش نما لگ رہا تھا۔
میں مزید ان پُر رونق و پُر بہار فضاؤں سے اور مشک بکھیرتے ہواؤں سے لطف اندوز ہونا چاہتا تھا؛
لیکن وقت......... کب کسی کا منتظر ہوتا ہے
وہ اپنی چال آپ ہی چلتا ہے،
لیکن اس دن انداز کچھ بدلا بدلا سا تھا ، شاید وہ وقت سے پہلے ہی گزر جانے کا خواہاں تھا، یا کہیں جانے کی جلدی تھی یا کسی سے ملنے کا ارادہ ؟؟؟؟؟
مجھے معلوم نہیں.........خیر :
وقت کا پہیہ انتہائی تیزگامی سے اس طرح اپنی منزل کی اور رواں دواں تھا جیسے بڑی شدت سے کوئی منتظر ہو یا وقت خود ہی وقت ِ مستعار ہو ....
ابھی بچوں کا پروگرام اختتام کو نہیں پہنچا تھا کہ اللہ کے منادی نے صدائے اذان بلند کردی، آواز بلند ہوتے ہی چار سو خاموشی چھا گئی اور بندگانِ خدا عز وجل کے حضور سر بسجود ہونے کے لئے نکل پڑے ۔۔۔۔۔۔۔۔
جاری۔۔۔۔۔۔۔
ایک تبصرہ شائع کریں